غلطی ہوگئی: انڈین یوٹیوب چینل پاکستانی گانے چُرانے پر بند
بھارت کا ایک یوٹیوب چینل پاکستانی گانے چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ "لاسٹ سگریٹ' نامی اس چینل پر پاکستانی گلوکاروں کے گانے بغیر کاپی رائٹ کے استعمال کیے جا رہے تھے۔ جن گلوکاروں اور گروپس کے گانے چلائے جا رہے تھے ان میں علی سیٹھی، بیان، کشمیر، دی بینڈ اور ٹونٹی ون دی بینڈ وغیرہ شامل ہیں۔
اس چینل کی رپورٹ پاکستان میں ریکارڈ لیبل ڈسٹریبیوشن والی کمپنی "ریہارٹس" نے کی ہے جو کہ پاکستانی بینڈز کی نمائندگی کرتی ہے جن کے گانے بھارتی چینل پر استعمال کیے گئے تھے۔
ریہارٹس نے لاسٹ سگریٹ کو کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی نوٹس بھیجوایا ہے۔
ریہارٹس کے مینجنگ ڈائریکٹر احمد بٹ نے انٹرویو بتایا کہ اُن کی کمپنی پاکستانی گلوکاروں کے گانے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرتی ہے اور اُن کو اپنے گلوکاروں کے گانوں کے کاپی رائٹس کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔
احمد بٹ نے بتایا کہ بھارت میں اور بھی کئی یوٹیوب چینلز ہیں جو پاکستانی گلوکاروں کے گانے چوری کرتے ہیں۔ تاہم اُن چینلز کے سبسکرایئبرز کی تعداد تین لاکھ سے زائد تھی۔ جبکہ مختلف گانوں پر کئی لاکھ ویوز بھی تھے، جس کی وجہ سے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر اُٹھایا گیا ہے۔
احمد بٹ کا کہنا تھا کہ اُن کی کمپنی کی جانب سے کچھ روز قبل اس چینل سے پاکستانی مواد ہٹایا گیا ہےاور پھر اس چینل کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ چینل بھارت میں کافی مقبول تھا۔ اس لیے اسے پسند کرنے والے سوشل میڈیا پر اُن کے گلوکاروں کے اکاؤنٹس پر جا کر اُن سے اس چینل کے خلاف قانونی نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
احمد بٹ کا کہنا ہے اُنہوں نے تمام مذکورہ گلوکاروں کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ بیانیہ بھی جاری کیا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی چینل کے مالک کی جانب سے اپنے فالورز کے نام ایک بیغام بھی دیا گیا ہے۔ جس میں اُنہوں نے بغیر کاپی رائٹس کے پاکستانی گوکاروں کے گانے چلانے پر معافی مانگی ہے اور اُنہوں نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اُن کی جانب سے غلطی ہوئی ہے۔
خیال رہے اس ماہ کہ آغاز میں ہی فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے بھارتی فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مل کر لائیو سیشن کرنے یا کسی بھی طرح سے ساتھ کام کرنے سے روک دیا تھا۔
یہ اقدام بھارتی گلوکارہ ریکھا بھردواج اور پاکستان کی نامور گلوکارہ فریدہ خانم کی انسٹاگرام پر لائیو پرفرمارمنس کے بعد کیا گیا تھا، جس کو علی سیٹھی نے بھی اپنے اکاؤنٹ پر شئیر کیا تھا۔
رواں سال فروری میں بولی وڈ اداکار سلمان خان نے امریکا میں لائیو شو کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ شو امریکا میں رہنے والی پاکستانی خاتون ریحانہ صدیق کی جانب سے منعقد کیا جانا تھا۔
Comments are closed on this story.